Tere Dil se Utar Jayein Gye


 

تیرے دل سے جو اتر جائیں گے
اپنے ہونے سے مکر جائیں گے

اب قفس کا یہ تکلف کیسا
اُڑ بھی جائیں تو کدھر جائیں گے

آنکھ دیکھے ہے ہزاروں رستے
ہم سے اندھے، اسی در جائیں گے

ہم کو معلوم، ہے یہ لا حاصل
پھر بھی تا حدِ نظر جائیں گے

ہم کنارے پہ اتر بھی جائیں
ساتھ پاؤں کے بھنور جائیں گے

ٹوٹ کر اور ہوئے ہم مضبوط
خوف یہ تھا کہ بکھر جائیں گے

عمر بھر وہم یہ دل سے نہ گیا
ایک دن ہم بھی سنور جائیں گے

جو کٹی جیسی کٹی ،خیر ، مگر
یوں ہی کیا ساری بسر جائیں گے

بعد مدت کے ملے ، شرمندہ
دعویٰ دونوں کا تھا مر جائیں گے

دھوپ نکلی تو بھرم ٹوٹ گیا
ہم جدھر جائیں شجر جائیں گے

کتنے خوش فہم ہیں شاعر ، ابرک
ہم ہی ہم ہوں گے جدھر جائیں گے

اتباف ابرک

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے